اہم خبریں

بچی نے والد کو پہچاننے سے انکار کر دیا، عدالت نے ماں کی اپیل نمٹا دی

اسلام آباد(محمد ابراہیم عباسی ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں باپ کی جانب سے بچی کو تسلیم نہ کرنے اور حق مہر کی واپسی سے متعلق عزہ مسرور کی فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، جہاں عدالت کے حکم پر بچی کی والدہ نے بیٹی کو والد سے ملاقات کروائی، تاہم بچی نے اپنے والد کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔ جسٹس کیانی نے بچی کو اپنے چیمبر میں بلا کر سوالات کیے، جس پر بچی نے واضح کیا کہ وہ صرف اپنے نانا اور مامو کو جانتی ہے کیونکہ والد نے کبھی اس سے ملنے کی کوشش ہی نہیں کی۔

عدالت کے حکم پر بچی کے والد نے ڈیڑھ لاکھ روپے بچی کی والدہ کو ادا کر دیے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ بچی نے والد کو پہچاننے سے انکار کر دیا ہے، والد کا بچی سے تعلق قائم کرنے کا کوئی عملی ثبوت بھی پیش نہیں کیا گیا۔

عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت دی کہ اگر کوئی ایگزیکیوشن کی درخواست دینا چاہتے ہیں تو متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔ وکیل آصف تمبولی درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے عزہ مسرور نامی خاتون کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔
مزید پڑھیں: لاہور کے حفیظ سینٹر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

متعلقہ خبریں