پشاور(نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا میں احساس اپنا گھر اسکیم پر عملدرآمد کا با قاعدہ آغاز ہوگیا اور اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی بھی شروع کردی گئی۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے احساس اپنا گھر اسکیم کے تحت کم آمدن والے لوگوں کو گھر بنانے کے لئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل شروع کردیا۔
قرضوں کے چیکس تقسیم کرنے کے لئے وزیر اعلی ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، علی امین گنڈاپور بحیثیت مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے، وزیر اعلی نے کامیاب درخواست دہندگان کو بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کئے۔
اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے چار ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، اسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کےلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔
اسکیم کے تحت 18سال سے 65 سال کی عمر تک کے وہ افراد قرض لینے کے اہل ہیں جن کی ماہانہ آمدنی ڈیڑھ لاکھ روپے سے کم ہو، اسکیم کے تحت درخواست گزاروں کو 15 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے دئیے جارہے۔
یہ قرضے سات سال کی مدت میں آسان قسطوں میں واپس کرنے ہوں گے، اسکیم کے تحت ریوالونگ فنڈ سسٹم کے ذریعے آئندہ سالوں میں بھی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
اسکیم کے پہلے مرحلے کےلئے ایک لاکھ 23 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 18 ہزار 555 اسکیم کی شرائط پر پورا اتری ہیں، اسکیم کے تحت آبادی کے تناسب کی بنیاد پر صوبے کے تمام اضلاع میں قرضے دئیے جار ہے ہیں۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ احساس اپنا گھر سکیم صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ اور غریب پرور منصوبہ ہے، یہ اسکیم کم آمدنی والے لوگوں کو اپنا چھت فراہم کرنے کے لئے عمران خان کے وژن کے حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی انتھک کوششوں سے صوبہ اب معاشی طور پر اپنے پاوں پر کھڑا ہوگیا ہے، ہم مزید اپنے وسائل بڑھائیں گے اور اپنے لوگوں پر خرچ کریں گے، ہم ہر سیکٹر میں لوگوں کو سہولیات فراہم کریں گے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے، عنقریب ہم مستحق گھرانوں کو سولر سسٹم کی فراہمی کے منصوبے کا بھی اجراء کر رہے ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ احساس اپنا گھر اور سولر اسکیم میں سو فیصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔
علی امین نے کہا کہ سفارشی کلچر کی وجہ سے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، ہم نے عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے سفارش کلچر کا خاتمہ کرنا ہے، ہم صوبے کے عوام کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:خیبرپختونخوا: مخصوص نشستوں کی دوڑ میں ایک اور جماعت عدالت پہنچ گئی