اسلام آباد (اے بی این نیوز): پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہونے کو ہے، جس کے باعث شدید موسمی صورتِ حال کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات اور پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے کئی اہم اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جو 10 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور فیصل آباد جیسے گنجان آباد شہروں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور طوفانی بارشوں کا خطرہ موجود ہے، جس سے اربن فلڈنگ یعنی شہری علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی کے میونسپل ادارے الرٹ پر ہیں، جبکہ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے اہلکار بھی متحرک کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کا یہ سلسلہ معمول سے زیادہ شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں اور خطے میں درجہ حرارت کی غیر معمولی صورتحال ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں، اور محکمہ موسمیات و پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹس پر عمل کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کے خلاف اندرونی اور محلاتی سازشیں بے نقاب،سیاسی میدان سے باہر کرنے کی مذموم کاوشیں سامنے آگئیں