اہم خبریں

پنجاب میں موسم بپھر گیا! گرد آلود طوفان اور موسلا دھار بارش،ندی نالوں میں طغیانی، طوفان نے تباہی مچا دی

ڈی جی خان (اے بی این نیوز): پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم نے اچانک کروٹ لی ہے، اور تیز آندھیوں کے بعد موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ڈی جی خان، ملتان، تونسہ اور کوٹ چھٹہ سمیت جنوبی پنجاب کے کئی شہروں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوہِ سلیمان اور قریبی قبائلی علاقوں میں تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

میاں چنوں، شورکوٹ، لیہ، بھکر، اور چیچہ وطنی میں بھی وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ وہاڑی اور خانیوال میں گرد آلود ہواؤں کے بعد تیز بارش نے ماحول کو دھندلا کر دیا ہے۔ دوسری جانب لودھراں، بہاولپور، اور راجن پور میں گرد آلود طوفان کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ میں پیش آیا جہاں شدید بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئی، جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان، اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
مزید پڑ ھیں :روس میں فضائی حادثہ! مسافر طیارہ ٹیک آف کے 16 منٹ بعد کریش

متعلقہ خبریں