اہم خبریں

پی ٹی آئی کے اندر ایک بار پھر اختلافات سامنے آگئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر ایک بار پھر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے واٹس ایپ گروپ میں پارٹی رہنما مشال یوسفزئی نے علیمہ خان کے بیٹے شیرشاہ کی 9 اور 10 مئی کے واقعات سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی اور سوال اٹھایا کہ انہیں اتنی بڑی “ریلیف” کیسے مل گئی۔

مشال یوسفزئی نے اپنے پیغام میں طنزیہ انداز میں لکھا کہ پارٹی کے کئی رہنما اب بھی روپوش ہیں یا خود کو بچانے کی کوشش میں ہیں جبکہ سیکڑوں کارکن جیلوں میں ہیں۔

انہوں نے لکھا، “بس حیرت ہو رہی ہے، ہنسی آ رہی ہے۔”

اس پیغام پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے فوری ردعمل دیتے ہوئے مشال سے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی پارٹی کے لیے باعزت ہے اور انہیں ویڈیو ہٹا دینی چاہیے۔

تاہم، مشال یوسفزئی نے علی امین کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کے سوال کا تسلی بخش جواب نہیں ملتا، وہ ویڈیو ڈیلیٹ نہیں کریں گی۔

اس حوالے سے جب مشال یوسفزئی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے اپنے تحفظات پارٹی کے اندر رکھے ہیں جیسا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحفظات صرف پارٹی کے اندرونی فورم پر اٹھائے گئے ہیں اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

متعلقہ خبریں