پشاور(نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا اسمبلی سے سینیٹ کی نشستوں پر انتخابات میں تحریک انصاف کو نقصان کا امکان ہے اور انہیں 3 نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 7جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ ، علماء کی نشستوں پرپولنگ 21 جولائی 2025 کو خیبر پختونخوا اسمبلی کی بلڈنگ میں ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو مخصوص نشستوں پرمنتخب ممبران صوبائی اسمبلی سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے سینیٹ انتخابات ملتوی کیے تھے۔
اب تحریک انصاف کو بھاری نقصان کا امکان ہے اور انہیں 3 کنفرم نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔
145 رکنی ایوان میں تحریک انصاف کے 92 ایم پی ایز ہیں اور اپوزیشن کی تعداد 53 ہے۔ مخصوص نشستیں نہ ملتیں تو اپوزیشن صرف ایک سیٹ پر کامیاب ہوتی مگر اب زیادہ نشستیں حاصل کرسکتی ہے اور اب پی ٹی آئی کو 7 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن نے ثانیہ نشتر کی سینیٹ سے خالی ہونے والی سیٹ پر انتخابات کیلئے بھی الیکشن پروگرام جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پبلک نوٹس 9 جولائی 2025 کو، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 10 اور 11جولائی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 جولائی اور پولنگ 31 جولائی کو ہوگی۔
مرحوم ساجد میر کی خالی نشست پر الیکشن کے مختلف مراحل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اِس پر الیکشن کو بھی الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیا گیا تھا۔