اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو عہدے سے ہٹانے اور نئی آئینی ترمیم سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی خبروں پر بالکل یقین نہ کیا جائے۔
ہفتے کے روز روہڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے زور دیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاسی قیادت، حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں، جس سے کچھ لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے اور وہ ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا جس میں صدر زرداری کو ہٹانے اور آرمی چیف کے صدر بننے کی افواہوں کا ذکر تھا جس کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ دو دن سیاست سے پرہیز کریں اور سوشل میڈیا کی خبروں پر دھیان نہ دیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک بھر میں آج 2700 جلوس نکالے جا رہے ہیں، جن میں سکھر کا جلوس پاکستان کا سب سے بڑا ہے۔
انہوں نے اسے کامیابی سے منظم کرنے پر پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شام تک تمام جلوس خیریت سے مکمل ہو جائیں گے۔
سندھ کے اضلاع شکارپور، کشمور اور کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صورتحال کا مکمل علم ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جس طرح خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کیا گیا، اسی طرح کچے کے ڈاکوؤں کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔