اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کی متحرک سفارتکاری اور عالمی سطح پر بڑھتے اعتماد کے نتیجے میں عالمی اور علاقائی اداروں میں پاکستان کو اہم عہدے حاصل ہو رہے ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی قیادت میں پاکستانی سفارتکاروں نے ملک کو بین الاقوامی سطح پر نئی سفارتی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق جولائی 2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت پاکستان کے سپرد کی گئی ہے۔ پاکستان 2 سال کے لیے سلامتی کونسل کا منتخب غیر مستقل رکن ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد کی علامت ہے۔
اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ بھی اس وقت پاکستان کے پاس ہے، جس پر سابق سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان فائز ہیں۔
مزید برآں یکم جنوری 2026 سے ڈی-8 ممالک کے سیکریٹری جنرل کا منصب سابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کے حوالے ہوگا جو استنبول میں یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پاکستان کو حال ہی میں یونیسکو کے بین الحکومتی کمیشن برائے بحری امور کی ایگزیکٹو کونسل میں دو سالہ رکنیت حاصل ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کو یو این انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے انڈسٹریل بورڈ کے 53ویں اجلاس کی صدارت کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے، جس کی قیادت ویانا میں تعینات پاکستانی سفیر کامران اختر کریں گے۔
پاکستان کی یہ عالمی کامیابیاں نہ صرف سفارتی محاذ پر ملک کی مؤثر نمائندگی کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی بھی غمازی کرتی ہیں۔
مزیدپڑھیں:اسرائیلی حکومت اور فوج آمنے سامنے، نیتن یاہو اپنے آرمی چیف پر چلا اٹھے