اہم خبریں

خیبر پختونخوا: لکی مروت میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 ’دہشت گرد‘ ہلاک

لکی مروت(نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) ٹیپو گل گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔

لکی مروت پولیس کے ترجمان عامر خان نے ایک بیان میں کہا کہ سی ٹی ڈی نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر حرم تلہ گاؤں کے قریب بٹانی نیہ کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا اور 3 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کے ٹیپو گل گروپ سے تھا اور وہ سی ٹی ڈی کے وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور کانسٹیبل ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انکاؤنٹر تقریباً 25 منٹ تک جاری رہا۔

پولیس نے مشتبہ دہشت گردوں کی شناخت وسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرت کے طور پر کی ہے۔

وہ لکی مروت کے علاقے گنڈی خان خیل، ہجرت اللہ اور سرائے گمبیلا ٹاؤن کے علاقے حرم تلہ کے رہائشی تھے۔

پولیس کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دہشت گرد بنوں سی ٹی ڈی کو دیسی ساختہ بموں کے استعمال اور پولیس پر حملوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔

لکی مروت طویل عرصے سے دہشت گردی اور تشدد کا گڑھ رہا ہے، جہاں بدامنی 2000 کی دہائی کے اوائل سے شروع ہوئی تھی۔

مقامی امن کمیٹیوں کی طرف سے امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردوں کے اثر و رسوخ کے خلاف مزاحمت کے لیے جاری کوششوں کے باوجود حالیہ مہینوں میں عسکریت پسندوں کے حملے زیادہ ہو گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ضلع لکی مروت میں امن کمیٹی کے رہنما اور ان کے دو ساتھیوں کو دہشت گردوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

اس سے قبل جون میں ضلع کے کوٹ کشمیر کے علاقے میں پولیس اور مقامی امن کمیٹی کے ساتھ مسلح تصادم کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے تھے، جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہوا تھا۔
مزیدپڑھیں:پنجاب: سی ٹی ڈی کی تونسہ میں کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ، بارود برآمد

متعلقہ خبریں