اہم خبریں

روس نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا

ماسکو (اے بی این نیوز)روس نے افغانستان میں طالبان کی قیادت میں قائم عبوری حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے، جسے خطے میں ایک اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق، روسی حکومت کی جانب سے افغان وزیر خارجہ کو اس فیصلے سے باقاعدہ طور پر مطلع کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، ماسکو میں تعینات روسی سفیر نے افغان وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روسی حکومت نے طالبان کی طرف سے مقرر کیے گئے افغانستان کے نئے سفیر کی اسناد قبول کر لی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط اب مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بیشتر مغربی ممالک طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہیں۔

بین الاقوامی ماہرین کے مطابق روس کا یہ فیصلہ خطے میں اس کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کی ایک بڑی کوشش ہے، خاص طور پر ایسے حالات میں جب افغانستان میں مغربی مداخلت کے خاتمے کے بعد سیکیورٹی اور اقتصادی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔

افغان وزارت خارجہ نے روسی حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور افغانستان میں استحکام اور ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔روس کی طرف سے طالبان حکومت کو تسلیم کیے جانے کو عالمی سطح پر ایک اہم موڑ تصور کیا جا رہا ہے، اور اس کے ممکنہ اثرات پر دیگر ممالک بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں :سات محرم کا مرکزی جلوس سائیں صادق کی رہائش گاہ سے برآمد ،راستے میں 6 دیگر ماتمی جلوس بھی اس میں شامل ہونگے

متعلقہ خبریں