اسلام آباد (رضوان عباسی ) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔پیر سہ پہر ساڑھے بجے اجلاس کی صدارت ڈپٹی وزیر اعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کریں گے۔ اجلاس میں مختلف اہم ترقیاتی منصوبوں پر مشتمل آٹھ نکاتی ایجنڈا منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے نظرثانی شدہ لیپ ٹاپ اسکیم پروگرام کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جسے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے دوبارہ متحرک کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں ’’آف-سکیلنگ گرین پاکستان‘‘ منصوبے پر بھی غور کیا جائے گا، جو ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور پائیدار ترقی کے قومی اہداف کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ایکنک کے ایجنڈے میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے متعلق اہم منصوبہ بھی شامل ہے، جس کے ذریعے جامعات کی بہتری، تحقیقی سرگرمیوں کا فروغ اور طلبا کے لیے سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ اجلاس میں ’’پبلک ایسٹس منیجمنٹ گائیڈ لائنز 2024‘‘ بھی منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی، جن کا مقصد سرکاری اثاثہ جات کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی ترقی کے تناظر میں پنجاب ٹورازم کا خصوصی ترقیاتی منصوبہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کے ذریعے سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کو تقویت دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ایکنک اجلاس میں جھل جاؤ تا بیلا روڈ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا، جو بلوچستان میں زمینی رابطوں کی بہتری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔اجلاس میں تمام منصوبوں کا تکنیکی اور مالیاتی جائزہ لینے کے بعد منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :پشاور بڑے سانحہ سے بچ گیا، 2 خوارجی اور ہینڈلر مارا گیا