اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 3 سے 6 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، قصور اور لاہور سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح نارووال، لیہ، ملتان، بہاولپور، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی اسی نوعیت کی موسمی صورتحال رہنے کا امکان ہے۔
شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نصیرآباد، کوئٹہ، قلات، خضدار، لسبیلہ اور آواران کے گرد و نواح میں بھی بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کی توقع ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں جیسے جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور کرک میں بھی موسمی صورتحال غیر مستحکم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔