اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے صارفین پر ماہانہ عائد پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اہم اقدام کا باضابطہ اعلان آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، بجلی کے بلوں میں ہر ماہ 35 روپے کی پی ٹی وی فیس گھریلو صارفین سے وصول کی جاتی ہے، جبکہ صنعتی اور تجارتی صارفین پر بھی یہ سرچارج لاگو ہوتا ہے۔ تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر پی ٹی وی سمیت دیگر غیر ضروری سرچارجز کے خاتمے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں موجود تقریباً 4 کروڑ 26 لاکھ صارفین سے پی ٹی وی فیس کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے تک کی وصولی ہوتی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس فیس کے خاتمے سے عوام کو بجلی کے نرخوں میں براہِ راست ریلیف ملے گا۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سالانہ 16 ارب روپے کی ٹیکس مد میں صرف 11 ارب روپے کی حقیقی وصولی ہوتی ہے، جس کی روشنی میں وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ پی ٹی وی کے لیے مالی وسائل کے حصول کا متبادل اور مؤثر نظام تیار کیا جائے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کو “پاور اسمارٹ ایپ” کے تحت “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد بجلی کے نظام میں شفافیت اور صارفین کی شراکت کو فروغ دینا ہے۔