اسلام آباد (اے بی این نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل نہیں نکلتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ اُنہوں نے آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بات انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے دوست ممالک کے کیڈٹس کو مبارک باد دی اور قومی ترقی کے لیے عوام، حکومت اور مسلح افواج کے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ سوچ اور تکبر پر مبنی رویہ خطے کے امن کے لیے مستقل خطرہ بنا ہوا ہے۔ اُن کے مطابق بھارت سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے قوم پرستی اور عسکری طاقت کو استعمال کر رہا ہے۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گا اور کسی بھی ممکنہ حملے کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھارت نے دہشتگردی کے خلاف کارروائی کے بہانے پاکستان پر دو مرتبہ بلاجواز حملے کیے، جن کا پاکستان نے بھرپور دفاع کیا اور خطے کو ممکنہ جنگ سے بچا لیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ صبر، ذمہ داری اور امن پسندی کے باوجود پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور اگر دشمن نے کوئی غلط فہمی پالی تو اُس کے نتائج کی ذمہ داری اُسی پر عائد ہو گی۔
فیلڈ مارشل نے سورہ بقرہ کی آیت 249 اور سورہ آل عمران کی آیت 54 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم آزمائشوں سے گزر کر مزید مضبوط ہوئی ہے، اور آج پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے قریب پہنچ چکا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کشمیری عوام کے عزم اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشتگردی کہنا ایک سیاسی چال ہے، جبکہ یہ دراصل ان کا قانونی حق ہے جسے بین الاقوامی قوانین بھی تسلیم کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ ملک کی سمندری سرحدوں کا تحفظ اور مؤثر میری ٹائم فورس وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اگر یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان کمزور ہے یا جواب نہیں دے گا تو وہ سخت غلطی پر ہے۔
آخر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ہماری ترقی کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن ملک اپنے روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے، اور قومی ترقی کا سفر پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔