گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو سانحہ سوات کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سانحے سوات کے حوالے سے کہا کہ دریائے سوات واقعہ پر دل خون کے آنسو روتا ہے ، سانحہ پر صوبائی حکومت کی بے حسی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کے نقصان پر صرف اسسٹنٹ کمشنر اور ریسکیو اہلکاروں کو نشانہ بنانا زیادتی ہے، سانحہ دریائے سوات پر وزارت سیاحت ذمہ دار ہے، جس کا اختیار وزیراعلیٰ کے پاس ہے۔انھوں نے کہا کہ دریائےسوات میں چارپائیاں بچھانے والاہوٹل ،انتظامیہ اور وزارت سیاحت ذمہ دار ہے، ایمرجنسی میں کوئی ایکشن نہ لینے پر وزیراعلیٰ پر براہ راست ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وزیر اعلیٰ کو مستعفی ہونا چاہیے۔
گورنر کے پی کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا راگ الاپنے والے یہی بھاشن دیتے تھے، قیدی نمبر 420 دریا کنارے کتے کے مرنے کی مثالیں دیتے تھے لیکن قیدی نمبر 420 کی حکومت میں دریائے سوات میں انسان تڑپتے اور بہتے رہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جنوبی اضلاع دہشت گردوں کے حوالے کردیے، خیبرپختونخوا میں کرپشن کے ریکارڈقائم کیے جارہے ہیں۔
گزشتہ روز سوات میں افسوسناک سانحہ پیش آیا تھا، جس میں دریا کی منہ زور موجیں اٹھارہ افراد کو بہا کرلے گئی تھیں۔ریسکیو آپریشن میں گیارہ افراد کی لاشیں نکالی گئیں اور چار کو بچالیا گیا تاہم لاپتہ تین افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔