اہم خبریں

ملک میں 22 دن کا پٹرول ،32 دن کا ڈیزل موجود ہے ، اوگرا حکام

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اوگرا حکام کے مطابق اس وقت ملک میں 22 دن کا پٹرول اور 32 دن کا ڈیزل موجود ہے، جبکہ آئل کمپنیوں کو تیل کی سپلائی روکنے کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر پیٹرولیم کی زیر صدارت ایک اہم ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور آئل سپلائی چین سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں تیل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں اوگرا حکام اور ڈائریکٹر جنرل آئل نے وزیر پیٹرولیم کو پیٹرول اور ڈیزل کے موجودہ اسٹاکس کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فی الحال کسی بھی قسم کی قلت کا خطرہ نہیں، اور تیل کی فراہمی کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔

وزارت پیٹرولیم کی جانب سے عوام کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، اور سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں :ایرانی آرمی چیف کی امریکہ کو للکار،جواب دیئے بغیر نہیں بیٹھیں گے،امریکی مفادات پر حملے کیلئے ہمارے ہاتھ کھل گئے، جنرل عبدالرحیم

متعلقہ خبریں