لاہور(اے بی این نیوز)حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، نئے جلوسوں اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی، ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش، ڈبل سواری، نفرت انگیز تقاریر پر پابندی ہوگی۔
حکومت پنجاب نے یکم سے 10 محرم الحرام تک صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں یکم سے10محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ ہوگی، محرم الحرام کے دوران نئے جلوسوں اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی، عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی، عوامی جذبات، عقائد اور فرقہ واریت کو بھڑکانے والی تقاریر اور اشاروں پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات و تبصروں پر پابندی ہوگی، جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر بھی پابندی عائد کردی گئی جبکہ یکم تا 10 محرم الحرام کے دوران جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بزرگ، خواتین اور قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں کےعلاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کینسر کی بیماری بن چکا،خطے میں ایک نئی جنگ کا خطرہ ہے،شمالی کوریا