نیو یارک ( اےبی این نیوز ) اقوام متحدہ میں روسی مندوب نے ایک اہم خطاب کے دوران ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
روسی مندوب کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال نہایت نازک ہو چکی ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو خطہ ایک بڑے تصادم کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام بین الاقوامی قوانین کے تحت عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں ہے، اور اس پر الزامات لگانے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو یکطرفہ کارروائی کا جواز نہیں دیا جا سکتا اور تمام فریقین کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے سفارتی حل تلاش کرنا چاہیے۔ روسی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کو اس مسئلے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ خطے میں امن قائم رہ سکے اور انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔
روسی مندوب نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی خطے میں موجودہ تنازعات کو مزید پیچیدہ کر سکتی ہے، جس سے عالمی امن بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو فوری طور پر اس مسئلے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ کے امکانات کو روکنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرے۔
مزید پڑھیں :ایران کا اسرائیل پر ایک اور میزائل حملہ، تل ابیب،حیفہ اور بیرشیبہ میں دھماکے، سائبر سیکیورٹی فرم تباہ