اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے ستائے کراچی کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں مون سون بارشوں کا آغاز متوقع ہے، جو شہر کا موسم خوشگوار بنا سکتی ہیں۔
ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ کراچی میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے۔ شہر میں جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار صرف 4 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے گرمی کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔
درجہ حرارت کی بات کی جائے تو سبی اور لسبیلہ میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جبکہ دادو اور جیکب آباد میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جھنگ، فیصل آباد، ساہیوال اور لاہور میں درجہ حرارت 42 ڈگری، جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے آخر میں کراچی سے کشمیر تک بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو موسمی شدت میں کمی لا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات پہلے ہی 7 جون سے 12 جون کے دوران غیرمعمولی گرمی، دھول بھری آندھیوں اور تیز ہواؤں کے خطرے سے آگاہ کر چکا تھا، اور ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔