اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر ایک ماہ کے دوران دوسری بار نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پیش آنے والے واقعے میں حملہ آوروں نے ان کے گھر پر راکٹ فائر کیا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گھر کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ رات 1 بجے کیا گیا، جس کے فوراً بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 14 مئی کو بھی ایم این اے مبارک زیب خان کے گھر پر حملہ ہوا تھا، جس میں مین گیٹ پر نصب آئی ای ڈی دھماکے سے پھٹ گئی تھی، اور گیٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔