اسلام آباد ( اے بی این نیوز )گرمی سے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری، این ڈی ایم اے نے بھی بارش کی پیشگوئی کردی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 13 سے 18 جون تک اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق 13 سے 16 جون تک پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار کے دیگر بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی بھی پیش گوئی کی ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، بنوں، نوشہرہ، وزیرستان اور دیگر میں آندھی اور بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی 13 سے 18 جون تک شدید ہیٹ ویو کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کئی علاقے بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم استور، اسکردو، ہنزہ، شگر، باغ اور وادی نیلم میں بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔اس کے علاوہ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بچوں یا پالتو جانوروں کو کسی بھی حالت میں کھڑی گاڑی میں اکیلا نہ چھوڑیں۔
مزید پڑھیں :بھارتی طیارہ حادثہ،لائٹ ریڈار24نے تفصیلات جاری کردیں،جانئے کیا وجوہات بنیں