اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے اختتام پر شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق عید کے بعد موٹر ویز اور ہائی ویز پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر مسافروں کو چند اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل گاڑی کا انجن آئل، پانی، ٹائر پریشر اور بریکس چیک کر لینا ضروری ہے۔ دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال، رفتار کی حد کی پابندی، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ اور لین ڈسپلن کا خیال رکھنا چاہیے۔ لمبے سفر پر روانگی سے پہلے ڈرائیور کو مکمل فریش ہونا چاہیے، اور ہر دو سے اڑھائی گھنٹے بعد تھوڑا آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ نیند یا غنودگی کی حالت میں ڈرائیونگ سے گریز کیا جائے۔
مسافر بردار گاڑیوں میں اوورلوڈنگ یا اوور چارجنگ کی شکایت کی صورت میں شہری موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شہریوں کی مدد اور ان کے محفوظ سفر کے لیے ہر وقت تیار ہے۔