لاہور (اے بی این نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈی پی او میانوالی اور مکڑ وال پولیس کو شاباش دیتے ہوئے ایس ایچ او مکڑوال اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کو پندرہ لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیاہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کی دلیری کے باعث دہشت گردوں کو راہ فرار اختیار کرنا پڑی ۔انہوں نے میانوالی بارڈر پر واقع تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نفری بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سنائپرز ، جدید اسلحے سے لیس ٹیموں کے علاوہ ہر ممکن فراہم کئے جائیں ۔ آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹوں پر حفاظتی اقدامات بہتر بنانے کیلئے ڈی پی او میانوالی کو مزید فنڈز اور وسائل کی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن پر دہشت گردوں سے لڑنے والے جانباز ہمارے ہیرو ہیں جنہیں وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئے گی ۔















