اہم خبریں

کراچی ،ڈیفنس تشدد کیس میں متاثرہ شہری نے سلمان فاروقی کو معاف کردیا

کراچی (اے بی این نیوز)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں شہری پر تشدد کے کیس میں متاثرہ نوجوان دھیرج نے سلمان فاروقی کو عدالت میں معاف کر دیا۔کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موٹرسائیکل سوار پر تشدد کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں سماعت ہوئی، نامزد ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کو پیش کیا گیا۔

عدالت نے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔متاثرہ نوجوان دھیرج نے عدالت میں پیش ہوکر ملزمان کو معاف کرنے کا بیان دیا۔ عدالت نے متاثرہ نوجوان سے دریافت کیا کہ کیا اسے کسی قسم کے دباو یا خطرے کا سامنا تو نہیں؟ جس پر نوجوان نے جواب دیا کہ وہ کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتا۔

دھیرج نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی تفصیلات کا سوشل میڈیا سے پتہ چلا، عدالت جو بھی فیصلہ کرے اسے کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

یاد رہے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موٹرسائیکل کی معمولی ٹکر پر آپے سے باہر ہوکر ملزم سلمان فاروقی نے نوجوان پرگارڈز کے ساتھ ملکر تشدد کیا تھا۔ نوجوان کی بہن ہاتھ جوڑتی رہی لیکن ملزم کے کان پرجوں تک نہ رینگی۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رہنما کی پی ٹی آئی میں شمولیت بارے بیرسٹر گوہر کا بیان سامنے آگیا

متعلقہ خبریں