کراچی ( اے بی این نیوز )ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے بااثر شخص سلمان فاروقی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈیفنس خیابان اتحاد میں موٹر سائیکل سوار نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں کار اور موٹرسائیکل میں تصادم کے بعد کار میں سوار بااثر شخص نے اپنی بہنوں کے سامنے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، بااثر شخص کے سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور گھریلو ملازم کو حراست میں لے لیا اور گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔
تاہم اب ڈی آئی جی اسد رضا نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بااثر شخص کو تکنیکی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے ڈی آئی جی اسد رضا کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کے دفتر اور گھر پر چھاپے بھی مارے گئے تاہم اب ملزم کی گرفتاری کے بعد اسے لاک اپ کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ فوٹیج کا بغور جائزہ لیا گیا، فوٹیج کی مدد سے مرکزی ملزم کی شناخت کی گئی، ملزم کی شناخت کے بعد پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور پھر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید کہا کہ پہلے متاثرہ شہری کو ٹریس کیا گیا، جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، ملزمان کے خلاف تشدد، دھمکیوں اور ہتک آمیز رویے کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔