کوئٹہ (اے بی این نیوز) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی پراکسی وار کھلی جنگ میں تبدیل، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
کوئٹہ میں گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی پراکسی وار کھلی جارحیت میں بدل چکی ہے، دشمن چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی کے ٹھوس شواہد سامنے آگئے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے، پاک فوج ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ گرینڈ جرگہ کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے حکومت اور پاکستانی افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے ان لوگوں کو واپس لانے کی کوشش کی جائے جو بھٹکے اور پٹڑی سے اتر گئے۔ بلوچستان کے عمائدین بتائیں کہ کون سی کوتاہیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر کوئی جھگڑا ہو تو بھائی آپس میں بیٹھ کر حل کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو وہ شکست دی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے بھارت سے 1971 کا بدلہ لیا۔شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں کیونکہ یہ ایک مختصر مگر خطرناک جنگ تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم متحد ہے۔ اگر ہمارا آپس میں کوئی جھگڑا ہے تو ہمیں مل بیٹھ کر حل کرنا چاہیے۔ میری حکومت میں بلوچستان کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہو سکتی۔ یہ بھی پڑھیں: کیا پاک بھارت تنازع کے بعد بلوچستان میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا؟
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان ترقی کرے، آئندہ مالی سال میں وفاقی ترقیاتی پروگرام سے بلوچستان کا حصہ تقریباً 250 ارب روپے ہو گا، کوشش کی جائے کہ فنڈز شفاف طریقے سے خرچ ہوں۔