اہم خبریں

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا بلکہ بازی ہی پلٹ دی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے مسلح افواج کی خدمات کو سراہا اور بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نہ صرف بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا بلکہ صورتحال کو اپنے حق میں موڑ دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں اور بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے ایئر فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فضائیہ نے سات اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اُنہوں نے فیلڈ مارشل کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہمیں واضح فتح حاصل ہوئی۔ اُنہوں نے بھارت پر الزام لگایا کہ اس نے جارحیت کے دوران معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، اور آئندہ بھی کسی بھی حرکت کا سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے سے معیشت کو استحکام ملا ہے، مگر معاشی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے پاس قدرتی وسائل اور عظیم عوام موجود ہیں، اور ترقی کے لیے جی ڈی پی کو 15 فیصد تک لے جانا ہوگا۔

مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، جبکہ اسمگلنگ کے خلاف بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں جس سے ایک سال میں نمایاں کمی آئی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور ہر ہفتے ایف بی آر کا اجلاس بلایا جاتا ہے تاکہ مالی نظم و ضبط قائم رکھا جا سکے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ پاکستان وہ بنے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، اور دنیا اس کی ترقی کی مثال دے۔

متعلقہ خبریں