اہم خبریں

دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، پاکستان کو کبھی دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا، فیلڈ مارشل

کو ئٹہ (اے بی این نیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو کبھی دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا، جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور طلباء افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔فیلڈ مارشل نے آپریشن برگد کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی قیادت میں پاکستانی عوام مادر وطن کے دفاع کے لیے فولادی دیوار بن گئے۔آئی ایس پی آر کے مطا بق

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگِ حق کی کامیابی ہمارے قومی عزم اور تمام قومی اداروں کی مکمل ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے تنازعات کی نوعیت پر روشنی ڈالی اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال جارحیت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو خطرناک قرار دیا۔

فیلڈ مارشل نے جارحیت کو شکست دینے کے عزم اور خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کبھی دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا

فیلڈ مارشل نے بھارت کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی آبی دہشت گردی کے خلاف خبردار کیا، اور پاکستان میں دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی کے بارے میں بات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انسداد دہشت گردی مہم کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے طلباء اور افسران کو اپنی ذمہ داریاں لگن، جذبے اور عزم کے ساتھ نبھانے کی تلقین کی اور جدید سوچ اور تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تربیت نہ صرف موجودہ حالات کی عکاسی کرتی ہے بلکہ ہمیں مستقبل کے میدان جنگ کے لیے بھی تیار کرتی ہے۔

مزید پڑھیں :توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی، عمران خان بشریٰ بی بی کو پیش کیا جائے گا

متعلقہ خبریں