لاہور (اے بی این نیوز)محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحیٰ کے پیش نظر سیکیورٹی اور امن و امان کے جامع انتظامات کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت صرف پنجاب چیریٹی کمیشن میں رجسٹرڈ تنظیموں کو دی جائے گی، جبکہ کالعدم تنظیموں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق حساس اداروں کی رپورٹس اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر صوبے بھر میں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان کو فعال رکھیں، پولیس اور انتظامیہ فیلڈ میں متحرک رہیں، اور سیکیورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
عید کے موقع پر اہم تنصیبات، حساس مقامات اور عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی بڑھا دی جائے گی۔ نماز عید کے اجتماعات کے لیے فول پروف انتظامات، بشمول سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور افراد کی اسکیننگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ فرقہ وارانہ یا اشتعال انگیز تقاریر پر فوری قانونی کارروائی کی جائے گی، اور پنجاب ساؤنڈ سسٹمز ریگولیشنز ایکٹ 2015 پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
مزید براں، شہر میں مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے بھی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ یہ صرف منظور شدہ مقامات پر شہر کی حدود سے باہر قائم ہوں گی۔ ان منڈیوں کے علاوہ کہیں بھی جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے حساس مقامات پر سرچ آپریشن، عیدگاہوں کے قریب پارکنگ کے بہتر انتظامات، اور ٹریفک ڈائیورژن پلان پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ہسپتالوں کو عملہ، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم رکھنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عید کے ایام میں امن قائم رکھنے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیوں کے اجلاس بھی ضلعی سطح پر منعقد کیے جائیں گے۔ اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی۔
مزید برآں، نوجوانوں کو خطرناک ڈرائیونگ اور ون ویلنگ سے روکنے کے لیے ٹاسک فورسز قائم کر دی گئی ہیں۔ عوامی تفریحی مقامات، عید بازاروں اور کھانے پینے کی دکانوں پر بھی سیکیورٹی بڑھا دی جائے گی۔ محکمہ داخلہ نے تمام سیکیورٹی اقدامات عید سے قبل مکمل کرنے اور تینوں دن سخت نگرانی جاری رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔
مزید پڑھیں :پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں ، پٹرول فی لٹر کتنا سستا،ڈیزل کتنا مہنگا ہو گا،جانئے