راولپنڈی (اے بی این نیوز)جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے منگل کو ایک پیغام شیئر کیا گیا، جس میں عوام سے ملک گیر احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ پیغام اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ان کی رہائی کےلئےکچھ دینے اور لینے کا فارمولا تجویز کیا تھا۔
اگرچہ عمران خان کو سوشل میڈیا تک براہ راست رسائی حاصل نہیں، تاہم اب تک پی ٹی آئی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے۔سابق وزیراعظم کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جلد شروع ہونے والی ملک گیر احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہیں، ساتھ ہی اڈیالہ جیل میں عمران خان کے علاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔
پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’جیل کے ضوابط کے تحت، میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ہفتے میں ایک بار 30 منٹ کی ملاقات کا حقدار ہوں، لیکن اس کی بھی کئی دنوں سے اجازت نہیں دی گئی، آج کی ملاقات بھی طے شدہ تھی لیکن نہیں ہونے دی گئی، بشریٰ بی بی کو گزشتہ 13 ماہ سے صرف مجھے اذیت دینے کے لیے قید میں رکھا گیا ہے، حالانکہ ان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ جو چاہیں کر لیں، میں نہ تو ان کے ظلم کے آگے جھکوں گا اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی معاہدہ کروں گا۔عمران خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے وکیل سلمان اکرم راجا کو ہدایت دی ہے کہ وہ جیل حکام کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کریں اور ساتھ ہی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ میں بھی اپیل جمع کروائیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپ سب کو تیار رہنا چاہیے، جلد ہی ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کے قائم مقام ڈائریکٹر فنانس طاہر محمود انتقال کرگئے