لاہور(اے بی این نیوز)افواجِ پاکستان نے ”معرکہ بنیان مرصوص“ میں اللہ کی مدد سے دشمن کو ایسا زخم دیا جو برسوں یاد رہے گا۔ پاک فضائیہ نے کارروائی میں بھارت کے تین جدید رافیل طیاروں سمیت مجموعی طور پر 6 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے، جب کہ زمین سے دشمن کے خیمے الٹنے کی ذمہ داری پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ جدید ترین ہتھیار ”فتح راکٹ سسٹم“ نے نبھائی۔
ذرائع کے مطابق فتح راکٹ سسٹم نے نہ صرف دشمن کے دفاعی نظام کو مفلوج کیا بلکہ ایک کے بعد ایک کاری ضرب لگا کر بھارتی افواج کی صفوں میں ہلچل مچا دی۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بنیان مرصوص میں فتح راکٹ سسٹم نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دشمن کے کئی اہم اہداف کو پلک جھپکنے میں تباہ کر دیا۔
یہ گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور پاکستان میں تیار کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتح ون بیک وقت 8 راکٹس کے ذریعے 8 مختلف اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جب کہ فتح ٹو سسٹم جدید ایویونکس، نیویگیشن اور منفرد رفتار و پرواز زاویے کے ساتھ دشمن کے ہر وار کو بے اثر کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق فتح تھری 450 کلومیٹر جبکہ فتح فور 700 کلومیٹر تک دشمن کو نشانہ بنانے کی مہارت رکھتا ہے۔ یہی نہیں، اس جدید ہتھیار کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ دشمن کی ریڈار اور فضائی دفاعی لائنز کو عبور کر کے اسے اچانک اور مہلک ضرب لگاتا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی حکومت کیخلاف تنقیدی پوسٹ پر معروف ایرانی عالم گرفتار