اہم خبریں

اسلام آباد اور گردونواح میں گردوغبار کا طوفان، راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری

اسلام آباد (  اے بی این نیوز   )اسلام آباد اور گردونواح میں گردوغبار کا طوفان، راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری جاری۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں آج شام شدید گردوغبار کے طوفان کے ساتھ تیز آندھی نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا۔ آسمان پر گرد و غبار کے بادل چھا گئے، جس کے باعث حد نگاہ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

گردوغبار کے طوفان کے بعد راولپنڈی کے مختلف علاقوں، جن میں صدر، کمیٹی چوک، شمس آباد، مری روڈ، ڈھوک کالا خان، اور سیٹلائٹ ٹاؤن شامل ہیں، میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ بارش کے ساتھ چھوٹے چھوٹے اولے بھی پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا لیکن سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ سلسلہ مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے زیر اثر شروع ہوا ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ژالہ باری کے باعث بعض علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جبکہ بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی، جس کی بحالی کا کام جاری ہے۔مزید بارش اور آندھی کے امکان کے پیش نظر ریسکیو اور بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں