اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ سی ڈی اے کے زیر انتظام گرین، بلیو، اورنج اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 26 مئی سے کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ اعلان سی ڈی اے کے ترجمان کی جانب سے کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں شہری ٹرانسپورٹ کے 17 روٹس پر روزانہ تقریباً 90 ہزار مسافر ان بسوں میں سفر کرتے ہیں۔ سی ڈی اے کی جانب سے میٹرو اور فیڈر الیکٹرک بسوں پر دی جانے والی سبسڈی کا ازسرِنو جائزہ لیا گیا ہے، اور اب یہ سبسڈی 50 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے سالانہ ساڑھے 3 ارب روپے کی سبسڈی ان بس سروسز پر فراہم کرتا ہے۔ سبسڈی میں کمی کے بعد بھی ادارہ سالانہ ڈیڑھ سے پونے دو ارب روپے کی خطیر رقم ان سروسز کے لیے ادا کرتا رہے گا۔
یہ فیصلہ کرایوں میں اضافہ کیے بغیر ٹرانسپورٹ سسٹم کو مستحکم رکھنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔