اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) کی سروسز میں آنے والے تعطل پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق “ایکس” کی سروسز صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا کے متعدد ممالک میں متاثر ہوئی ہیں، اور یہ مسئلہ عالمی سطح پر سامنے آیا ہے۔ بین الاقوامی انٹرنیٹ مانیٹرنگ ادارے نیٹ بلاکس نے بھی اس تعطل کی تصدیق کی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے انٹرنیٹ گیٹ ویز پر کسی قسم کی تکنیکی خرابی موجود نہیں، اور ملک میں دیگر تمام انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ “ایکس” کی سروسز میں جو تعطل دیکھنے میں آیا ہے، اس کا تعلق پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کی رکاوٹ یا فلٹرنگ سے نہیں ہے۔
یہ وضاحت ان افواہوں کو رد کرتی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ “ایکس” کی بندش پاکستان میں کسی مقامی مسئلے کی وجہ سے ہوئی ہے۔