اہم خبریں

کراچی سے لاہور کی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی ، مسافروں کے دل دہل گئے

کراچی( اے بی این نیوز )کراچی سے لاہور آنے والی پرواز ایف ایل 842 طوفانی باد و باراں کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئی۔ رن وے پر لینڈنگ کے دوران اچانک شدید آندھی کی زد میں آنے کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر مہارت سے طیارے کو دوبارہ فضاء میں بلند کر لیا۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پرواز کو واپس کراچی بھیج دیا گیا۔ پرواز میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی سوار تھے۔ طیارہ واپس کراچی پہنچنے کے بعد رات 8 بج کر 35 منٹ پر دوبارہ لاہور کے لیے روانہ ہوا، تاہم 57 مسافروں نے دوبارہ سفر کرنے سے انکار کر دیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں خراب موسم کے باعث اسلام آباد سے آنے والی پرواز پی کے 6385 کو بھی کراچی بھیج دیا گیا، جب کہ مزید دو کراچی سے روانہ ہونے والی پروازیں پی کے 305 اور پی اے 405 تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

شدید موسمی حالات کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ موسم بہتر ہوتے ہی معمول کی پروازیں بحال کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں