اہم خبریں

بھارت میں طبی رضاکار پاکستان سے جاسوسی کے الزام میں گرفتار، بھارتی پولیس کے بڑے دعوے

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )بھارتی ریاست گجرات کے علاقے رن آف کچھ سے تعلق رکھنے والے ایک 28 سالہ طبی رضاکار سہا دیو سنگھ گوہل کو پاکستان کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گجرات کے اینٹی ٹیرر ازم اسکواڈ (ATS) نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے کر احمد آباد منتقل کیا، جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

بھارتی پولیس کا دعویٰ ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کا اعتراف کیا ہے اور بتایا کہ وہ حساس بھارتی عسکری تنصیبات، بشمول ایئر فورس مراکز، کی معلومات اور تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے پاکستانی رابطوں کو فراہم کرتا رہا۔

پولیس کے مطابق، سہا دیو سنگھ گوہل نے بتایا کہ 2023 میں ایک خاتون “ادیتی بھردواج” نے ان سے واٹس ایپ پر رابطہ کیا، بعد ازاں یہ انکشاف ہوا کہ وہ مبینہ طور پر ایک پاکستانی خفیہ ایجنٹ تھی۔

ملزم کا موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھیجا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم پاکستانی ایجنٹ کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حالیہ گرفتاریاں
یہ گرفتاری ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب بھارتی پولیس نے حالیہ دو ہفتوں میں مختلف شہروں سے درجن سے زائد افراد کو پاکستان سے مبینہ روابط یا جاسوسی کے الزامات پر حراست میں لیا ہے۔ گرفتار افراد میں یوٹیوبرز، طبی رضاکار اور دیگر شہری شامل ہیں۔

بھارتی حکام ان الزامات کی بنیاد پر پاکستان پر خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوششوں کا الزام لگا رہے ہیں، تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ خبریں