مورگاہ (سید رسول ملک سے) — راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں واقع آٹک آئل ریفائنری سے 11 سال کی طویل قانونی جدوجہد کے بعد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے 8 کروڑ روپے کی ریکارڈ ساز پراپرٹی ٹیکس ریکوری کر کے رقم سرکاری خزانے میں جمع کروا دی۔ یہ ریکوری پنجاب کی ایک روز میں ہونے والی سب سے بڑی پراپرٹی ٹیکس وصولی قرار دی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمران اسلم نے شاندار کارکردگی پر ای ٹی او ملک طاہر محمود اور انسپکٹر ممتاز علی کو نقد انعامات سے نوازا۔ محکمہ میں اس بڑی کامیابی پر خوشی کی فضا قائم ہے۔
تفصیلات کے مطابق، آٹک آئل ریفائنری 2014 سے 2025 تک گیارہ سال کے عرصے میں پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی سے انکاری رہی۔ اس دوران ریفائنری انتظامیہ نے عدالت سے ریلیف حاصل کرنے کے لیے کیس دائر کیا، لیکن عدالت نے 5 مئی 2025 کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا۔ عدالت سے مایوس ہو کر انتظامیہ نے محکمہ ایکسائز سے بھی نرمی کی درخواست کی، جو مسترد کر دی گئی۔
ای ٹی او ملک طاہر محمود اور انسپکٹر ممتاز علی کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں ریفائنری انتظامیہ بالآخر سرکاری خزانے میں 8 کروڑ روپے جمع کروانے پر مجبور ہو گئی۔محکمہ ایکسائز کے ذرائع کے مطابق، اس سے قبل صوبہ پنجاب میں کسی بھی ادارے سے ایک دن میں اتنی بڑی پراپرٹی ٹیکس وصولی کی کوئی مثال موجود نہیں۔ اس تاریخی ریکوری کو محکمانہ کارکردگی کا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔