لاہور ( اے بی این نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی بریت کے خلاف دائر شہزاد اکبر کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ درخواست گزار کے وکیل کی عدم حاضری اور پیروی نہ ہونے پر سنایا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران شہزاد اکبر کی طرف سے دائر کی گئی اپیل کو عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیا گیا۔ یہ اپیل شہزاد اکبر نے اپنے وکیل ہاورن الیاس کے توسط سے دائر کی تھی، جس میں شریف خاندان کی بریت کو چیلنج کیا گیا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ کیس 2020 میں ایف آئی اے کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت درج کیا گیا تھا، جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت برسراقتدار تھی۔ بعد ازاں، ٹرائل کورٹ نے شواہد کے فقدان اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تینوں افراد کو بری کر دیا تھا۔
عدالت کی جانب سے تازہ فیصلہ اس معاملے کو قانونی طور پر ختم کرتا ہے، کیونکہ اپیل کی عدم پیروی کے باعث اسے مسترد کر دیا گیا ہے۔