لاہور ( اے بی این نیوز )لاہور کی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے خلاف دائر 10 ارب روپے کے ہرجانے کے مقدمے کی سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر وزیراعظم نے جج اور عدالت میں موجود تمام افراد کو “فتح کی مبارکباد” پیش کی، جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے تبصرہ کیا کہ یہ خوشی کی بات ہے اور پوری قوم کے لیے ایک کامیابی ہے۔
دورانِ سماعت، پی ٹی آئی کے وکیل نے جرح کرتے ہوئے وزیراعظم سے سوال کیا کہ آیا انہوں نے اس مقدمے میں اخبارات کو فریق نہیں بنایا اور کوئی قانونی نوٹس بھی جاری نہیں کیا؟ اس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی نے 28 اپریل 2017 کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کیا، اور اس جلسے کی خبریں اگلے روز اخبارات میں شائع ہوئیں۔
مزید سوالات میں وکیل نے پاناما کیس کا ذکر کیا اور پوچھا کہ اس کیس کا فیصلہ کیا تھا؟ وزیراعظم نے جواب دیا کہ چونکہ وہ اس مقدمے میں فریق نہیں تھے، اس لیے فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ نہیں۔ جب وکیل نے پوچھا کہ پاناما کیس میں فریقین کون تھے، تو شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ فریق نہیں تھے لیکن تمام تفصیلات عدالتی ریکارڈ پر موجود ہیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی ہے۔