اہم خبریں

اسلام آباد میٹروبس کے کرایوں میں 100 فیصد تک اضافہ، 26 مئی سے اطلاق

اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد کے شہریوں کے لیے سفر مہنگا ہونے جا رہا ہے، کیونکہ مجاز حکام کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں چلنے والی اورنج لائن میٹروبس، گرین لائن، بلیو لائن اور الیکٹرک فیڈر روٹ سروسز کے یکطرفہ کرایوں میں 26 مئی 2025 سے نظر ثانی کر دی گئی ہے۔ نئی کرایہ پالیسی کے مطابق تمام اہم روٹس پر فی سفر کرایہ 100 روپے مقرر کیا گیا ہے، جو پہلے 50 سے 90 روپے تک تھا۔

تفصیلات کے مطابق، اورنج لائن میٹرو بس سسٹم کا FAF تا N-5 اور N-5 سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک کا کرایہ اب 100 روپے ہو گا، جبکہ گرین لائن فیڈر روٹ پر پمز سے بہارہ کہو تک، بلیو لائن پر پمز سے گلبرگ گرین تک، اور الیکٹرک وہیکل فیڈر روٹس پر بھی یکساں کرایہ نافذ کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر تھا۔ شہریوں نے اس فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، کچھ نے اسے معیشت پر بوجھ قرار دیا، تو کچھ نے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری قرار دیا۔ نئی کرایہ پالیسی کا اطلاق 26 مئی 2025 سے مؤثر ہوگا۔

مزید پڑھیں :ایف بی آر نے بحریہ ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف 26 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس وصولی کا عمل شروع کر دیا

متعلقہ خبریں