کراچی (اے بی این نیوز)رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر کراچی کے علاقے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشتگردوں میں نعمت عابد، محمد نور عرف مانی اور صابر اللہ عرف دانیال شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر رومّان رئیس اور اسلام الدین گروپ سے منسلک ہیں اور یہ تمام افراد عسکری تربیت یافتہ ہیں۔ انہیں کراچی میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے مقصد سے بھیجا گیا تھا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم نعمت اللہ نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ فتنہ الخوارج کا انتہائی سرگرم رکن ہے اور 2018 میں اس نے مفتی نور ولی گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ کراچی میں دہشتگردی کی ممکنہ کارروائی کو بروقت ناکام بنانے پر سیکیورٹی اداروں کی کارروائی کو سراہا جا رہا ہے۔