اہم خبریں

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بزنس کمیونٹی اورمعروف تاجر رہنما ایس ایم تنویر کی جانب سے مبارکباد، قومی خدمت پر خراج تحسین

اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے رینک پر ترقی پانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے سرپرست اعلیٰ اور معروف تاجر رہنما ایس ایم تنویر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری بزنس کمیونٹی ان کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ایس ایم تنویر نے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دشمن کو بہادری اور مؤثر جوابی وار کے ذریعے منہ توڑ جواب دیا، جس سے ان کی قیادت کی صلاحیتوں اور حب الوطنی کا واضح ثبوت ملا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز دراصل قوم کی طرف سے ان کی بے مثال خدمات کا اعتراف ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نہ صرف پاکستانی قوم کا فخر ہیں بلکہ انہوں نے پاکستان کو عسکری اعتبار سے ایشین ٹائیگر بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح جنرل عاصم منیر نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، اسی طرح پاکستان کی بزنس کمیونٹی اسے تجارتی ایشین ٹائیگر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفاع کی طرح پاکستان کی معیشت اور تجارت بھی ان شاء اللہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی، اور ملک ترقی، خوشحالی اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن رہے گا۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما نے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان مزید مضبوط، مستحکم اور باوقار بنے گا۔

متعلقہ خبریں