کراچی ( اے بی این نیوز )وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 20 اور 25 سال پرانی گاڑیوں سے متعلق سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف نوعیت کے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے نادرا کے ساتھ بایومیٹرک تصدیق کے معاہدے کی منظوری بھی دی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے ٹریفک قوانین میں اہم ترامیم کی منظوری دی ہے۔ اب بھاری گاڑیوں پر 0.5 فیصد رجسٹریشن فیس اور ایک ہزار سالانہ ٹیکس عائد ہوگا۔ کمرشل گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازم ہو گا اور غیر فٹ کمرشل گاڑیوں پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
سندھ کابینہ نے 20 سال پرانی گاڑیوں پر بین الصوبائی اور 25 سال پرانی گاڑیوں پر بین الاضلاعی پابندی عائد کرنے کی منظوری دینے کے ساتھ غیر معیار رکشا اور لوڈر گاڑیوں پر بھی مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جب کہ کالے شیشوں پر بار بار خلاف ورزی پر 3 لاکھ تک جرمانہ لگایا جائے گا۔
ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے 30 گھنٹے کی تربیت لازمی قرار دیتے ہوئے ایچ ٹی وی لائسنس کی عمر کی حد 24 سے کم کر کے 22 سال کر دی گئی۔سندھ کابینہ میں ٹریفک سے متعلق مقدمات جلد نمٹانے کے لیے خصوصی ٹریفک عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی میں 3 انسداد منشیات عدالت اور دیگر شہروں میں ایک ایک عدالت قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔