وفاقی حکومت نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ اہم فیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی ہے۔
وفاقی کابینہ نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو اعلیٰ سرکاری اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، آپریشن میں حصہ لینے والے پاک فوج کے غازیوں اور شہدا کو بھی اعلیٰ سرکاری ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، اس آپریشن میں معاونت فراہم کرنے والے پاکستانی شہریوں کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں قومی سطح کے اعزازات دیے جائیں گے۔
وفاقی کابینہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی غیر معمولی قیادت نے پاکستان کو معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔ کابینہ کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے جرات اور عزم کے ساتھ فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمت عملی کو مؤثر انداز میں یکجا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس فیصلے کے تناظر میں صدر مملکت سے ملاقات کر کے انہیں کابینہ کے فیصلے سے آگاہ کیا۔