لاہور ( اے بی این نیوز )انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سینیٹر اعجاز چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 266 ملزمان کو فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لیے 24 مئی کو طلب کر لیا ہے۔
خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے مختلف مقدمات کی سماعت کی، جس کے دوران جناح ہاؤس حملے میں ملوث قرار دیے گئے ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی گئیں۔
پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی، جبکہ کلمہ چوک پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پراسیکیوشن کے ایک گواہ پر جرح مکمل کی گئی۔ یہ جرح برہان معظم اور سلمان شاہد ایڈووکیٹ کی جانب سے کی گئی۔
عدالت نے تمام 266 ملزمان کو آئندہ سماعت پر فردِ جرم کی کارروائی کے لیے دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔