اہم خبریں

کشمیر کونسل کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم

اسلام آباد (رضوان عباسی) آزاد جموں و کشمیر کونسل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں ثالثی کی پیشکش پر باضابطہ اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اُنہیں ایک شکریہ کا خط ارسال کیا ہے۔ یہ خط امریکی سفیر کے توسط سے صدر ٹرمپ تک پہنچایا گیا۔ کونسل کے ارکان نے صدر ٹرمپ کے بیان کو کشمیری عوام کے لیے امید کی نئی کرن، اور دیرینہ تنازع کے حل کی سمت تاریخی قدم قرار دیا ہے۔
کشمیر کونسل کے چیئرمین محمد حنیف ملک، سردار عبدالرزاق، خواجہ طارق سعید، شجاع خورشید راٹھور، محمد عدنان خالد اور محمد یونس میر نے اپنے دستخطوں سے جاری کردہ خط میں کہا ہے کہ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا کردار خطے میں پائیدار امن، استحکام اور انصاف کے فروغ کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
ارکان کشمیر کونسل نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی ثالثی پیشکش مسئلہ کشمیر کے حل میں ایک سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے، اور عالمی طاقتوں کو اس دیرینہ تنازع کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
خط میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا، اور کہا گیا کہ عالمی قوانین اور اصولوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں دیرپا امن کا ضامن بن سکتا ہے۔
کشمیر کونسل کے ارکان نے دنیا بھر کی حکومتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی آواز سنیں اور بھارتی مظالم کا نوٹس لیں#
مزید پڑھیں :بھارتی جنگی جہاز یا جنازے،کہاں کہاں گرے،کتنے پائلٹ جہنم واصل ہو ئے،کتنے اذیت ناک صورت میں زندہ،تمام تفصیلات منظر عام پر آگئیں

متعلقہ خبریں