اسلام آباد (اے بی این نیوز) – محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اور ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اتوار کے روز اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، باجوڑ، صوابی، مردان، چارسدہ، خیبر، کرک، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، وزیرستان اور کرم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، ملتان اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعد از دوپہر بارکھان، کوہلو، ژوب، موسیٰ خیل، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد، دادو، سبی، خیر پور، شہید بینظیر آباد اور سکرنڈ میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
انتباہ: 11 اور 12 مئی کے دوران آندھی، جھکڑ، ژالہ باری، گرج چمک اور تیز موسلادھار بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں، سولر پینلز وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔