سیا لکوٹ ( اے بی این نیوز )سیالکوٹ میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، پنجاب رینجرز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی۔بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیالکوٹ کے بجوات سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر دیہی آبادیوں کو نشانہ بنایا جس سے مقامی شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی جارحیت کے جواب میں پنجاب رینجرز بھرپور اور موثر جواب دے رہی ہے جس کے نتیجے میں دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی سے دشمن کو پسپائی پر مجبور ہونا پڑا۔
مقامی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے جب کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔پاکستانی سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ ہر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، کسی بھی مہم جوئی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :بہاول نگر کے قریب دھماکہ ،فضا میں کئی ڈرون اڑتے دیکھے گئے ،عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت