اہم خبریں

پاکستان تحریک انصاف نے بھارتی حملے کی شدید مذمت کردی

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے بھارتی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ بھارتی جعلی فلیگ آپریشن کا تسلسل ہے۔ اعلامیے میں مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بانی چیئرمین کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کردیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف نے بھارت کے بلااشتعال حملے پر سخت ردعمل دیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حملے سے معصوم شہری شہید ہوئے، یہ حملہ پہلگام میں بھارت کے جعلی فلیگ آپریشن کا نتیجہ ہے۔تحریک انصاف کے مطابق بھارتی بیانات مسلسل جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتے ہیں، بھارت تاحال اپنے دعوے ثابت کرنے کیلئے کوئی معتبر ثبوت نہیں لا سکا، پاکستان کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات پر بھی بھارت آمادہ نہ ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے دشمنی کی تسکین کیلئے خود ہی تصادم کا راستہ چنا۔ تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی، پاک فضائیہ کا ردعمل مودی سرکار کو ہوش میں لانے کیلئے کافی ہے۔تحریک انصاف نے امید ظاہر کی کہ بھارت جنگی جنون کی تسکین کیلئے معاملے کو مزید نہیں بڑھائے گا۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ دو جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ تباہ کن انجام لاسکتی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے بانی چیئرمین کی سلامتی پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ قومی بحران کے وقت قوم کو اپنی سچی قیادت سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین بھارتی جنگی جنون کیخلاف عوام کیلئے ایک قوت محرکہ ہیں، پارٹی قیادت اور کارکنان ملکی دفاع میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ

متعلقہ خبریں