شمالی وزیرستان (اے بی این نیوز) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 8 خارجی ہلاک کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 4 اور 5 مئی کو کی گئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خارجی مارے گئے۔ جنوبی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 خارجیوں کو ہلاک کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں نائیک مجاہد خان شہید ہو گئے۔ شہید مجاہد خان کی عمر 40 سال تھی اور وہ ضلع کوہاٹ کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر اور بنوں میں بھی سیکیورٹی فورسز اور خارجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں مزید 3 خارجی مارے گئے۔ مارے گئے عناصر کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے، اور شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
مزید پڑھیں :اللہ کی رحمت جوش میں آگئی، بھارت دریائے چناب کا پانی روکنے میں ناکام،پانی ہیڈ مرالہ تک پہنچ گیا،بھارتی بگلیہار ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ